ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہاویری میں بس برج سے سرویس روڈ پرجا گری : دوہلاک، 30 زخمی

ہاویری میں بس برج سے سرویس روڈ پرجا گری : دوہلاک، 30 زخمی

Sun, 13 Feb 2022 19:47:34    S.O. News Service

ہاویری:13؍ فروری (ایس اؤ نیوز) ایک پرائیویٹ بس فلائی اوور برج سے سرویس روڈ پر گرنے کےنتیجےمیں بس ڈرائیور اور ایک عورت ہلاک ہوگئی۔ حادثہ  ہاویری شہر کےنواحی علاقے کےدیوگری کی قومی شاہراہ 48 پر سنیچر کو صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔

مہلوکین کی شناخت بس ڈرائیور شیواجی دیولاپور (35) اور دھارواڑ کی رہائشی سُجاتا کماٹر (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بس ڈرائیور کا تعلق بیلگاوی سے تھا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس بنگلورو سے گوکاک جارہی تھی۔ برج پر ڈرائیور کا توازن کھو گیا اور بس برج کی ریلنگ سے ٹکراتے ہوئے 40  فٹ نیچے جاگری۔ بتایا گیا ہے کہ سروس روڈ پر گرنے کے بعد بس رکنے سے پہلے دو مرتبہ پلٹا کھاتے ہوئے الٹ گئی تھی  بس پر سوار ایک مسافر نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، اکثر لوگ گہری نیند میں تھے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ میں قریب 30 مسافرزخمی ہوئےہیں جنہیں ہاویری کے ضلعی اسپتال سمیت ہبلی کیمس میں بھی داخل کیاگیا ہے۔ زخمیوں میں بعض کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔

حادثہ پیش آتے ہی مقامی لوگ مدد کے لئے دوڑے اور مسافروں کی حفاظت میں تعاون کیا۔ پولس اور فائر برگیڈ کا عملہ بھی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گیا اور کرین کی مدد سے بس اٹھائی ۔

ڈی وائی ایس پی شنکر ماری ہال ، سی پی آئی ناگما سمیت پولس ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔

ہاویری مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔


Share: